لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ضمنی الیکشن سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی ہے ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز” کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ہو ہی نہیں سکتاکہ مہنگائی آسمان سے باتیں کرے اور عوام ہمیں پھولوں کے ہار ڈالیں ، پہلے دن ہی موقف تھا کہ حکومت کرنے کی بجائے فوراً الیکشن کرا دینے چاہئیں ، یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل فریش مینڈیٹ والی حکومت کو ہی کرنی چاہئے ۔مصطفی نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ مشکل فیصلے وہ حکومت کرے جس کے پاس پانچ سال کا مینڈیٹ ہو۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے ،غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو صرف چار سیٹیں ملیں ، ایک سیٹ آزاد امیدوار نے جیتی جبکہ 15 سیٹوں پر پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارا۔
مسلم لیگ (ن) کو اپنے گڑھ لاہور میں بھی بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ، مسلم لیگ (ن) لاہور کے چار میں سے تین سیٹیں ہار گئی ۔