پاکستان کی معروف اداکارہ صبور علی کا کہنا ہے کہ اُنہیں لگتا ہے کہ وہ پاکستان کی شاہ رخ خان اور سلمان خان ہیں۔
صبور علی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں اپنے شوبز کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ڈرامہ سیریل’مشکل‘ میں میرے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار خوشحال خان مجھ سے عمر میں 5 سال چھوٹے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ’خوشحال خان کے ساتھ ڈرامے میں کاسٹ ہونے پر ایسا محسوس ہوا کہ میں شاہ رخ خان یا سلمان خان ہوں کیونکہ بالی ووڈ کے خانز اکثر ہی کم عمر خواتین کے ساتھ کام کرتے نظر آتے ہیں۔
خیال رہے کہ جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل’مشکل‘ میں صبور علی کے ہمراہ مرکزی کردار اداکرنے والے اداکار خوشحال خان ابھی انڈسٹری میں نئے ہیں اور کیریئر کے آغاز میں اپنے سے عمر میں بڑی اداکارہ صبور علی کے ساتھ بھی مداحوں کو ان کی جوڑی بہت پسند آئی ہے۔
واضح رہے کہ اس ڈرامے کے ایک سنجیدہ سین کے دوران ہنسنے پر صبور علی کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اُن پر بے تحاشہ میمز بھی بنائی گئی تھیں۔
صبور علی کے سنجیدہ سین میں غیر سنجیدہ اداکاری کرنے پر ساتھی اداکار خوشحال خان نے بھی اپنا ردِ عمل دیا تھا۔
خوشحال خان نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ لائیو سیشن رکھاتھا۔
ڈرامے کے سین کے دوران صبور علی کے ہنسنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں خوشحال خان کا کہنا تھا کہ صبور علی اُن کے بھائیوں کی طرح ہے اور وہ ہر وقت مستی کے موڈ میں رہتی ہیں۔