قطر میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا آغاز ہو گیا لیکن اس تقریب میں کئی شہرۂ آفاق چہرے نظر نہیں آئے۔
فیفا ورلڈ کپ 2022ء کی اس شاندار افتتاحی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ کورین میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے ممبر جنگ کوک سمیت کئی فنکاروں نے پرفارم کیا۔
البتہ، کئی شہرۂ آفاق گلوکاروں نے قطر میں ہونے والی فٹبال ورلڈ کپ کی اس افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
افتتاحی تقریب میں شرکت سے انکار کرنے والے گلوکاروں میں شکیرا، دعا لیپا، راڈ اسٹیورٹ، اور لیل بیبی کے نام شامل ہیں۔
برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے افتتاحی تقریب میں شرکت نہ کرنے کی واضح طور پر کوئی وجہ نہیں بتائی۔
اُنہوں نے فٹبال ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی صرف یہ کہتے ہوئے تردید کی کہ’میں پرفارم نہیں کروں گا اور قطر میں پرفارم کرنے کے لیے میں کسی سے کسی قسم کے رابطے میں بھی نہیں ہوں‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’لیکن میں دور رہ کر انگلینڈ کی ٹیم کو اسپورٹ کروں گی‘۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گلوکارہ دعا لیپا کے مداحوں میں بہت بڑی تعداد میں ’ایل جی بی ٹی‘ کمیونٹی کے لوگ شامل ہیں۔
برطانوی گلوکار راڈ اسٹیورٹ نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔
اُنہوں نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ’مجھے 15 ماہ قبل قطر میں پرفارم کے لیے بہت بڑی رقم کی پیشکش کی گئی تھی لیکن میں اس پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’مجھے لگتا ہے کہ میرا وہاں جانا درست نہیں ہے اور میری اس سوچ کی وجہ انسانی حقوق کا احترام ہے‘۔
گلوکارہ شکیرا کا نام بھی اس افتتاحی تقریب میں شرکت سے انکار کرنے والے فنکاروں میں شامل ہے۔
کولمبین گلوکارہ نے پچھلے کئی سالوں سے فیفا ورلڈ کپ کے دوران لگاتار پرفارم کرتی رہی ہیں۔
یہاں تک کہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2010ء کا آفیشل گانا’واکا واکا‘ شکیرا کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔
لیکن اس بار گلوکارہ کی ٹیم نے میڈیا کواطلاع دی کہ گلوکارہ قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب میں پرفارم نہیں کریں گی۔
البتہ شکیرا کی ٹیم کی جانب سے ان کے تقریب میں پرفارم نہ کرنے کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی۔
اس کے علاوہ، امریکی ریپر لیل بیبی نے اس موقع پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔