پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ سلمٰی حسن اور اداکار اور ہدایت کار اظفر علیٰ ایک بار پھر ایک شارٹ فلم میں ساتھ نظر آئیں گے۔
ویڈیو شیئرنگ پلٹ فارم یوٹیوب سے نشر کی جانے والی شارٹ فلم ’ایکس ایکس ایل‘ میں شائقین پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ جوڑی کو ایک بار پھر دیکھ سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس جوڑی کو اسکرین پر ایک بار پھر ایک ساتھ جلوہ گر ہونے پر سرہا رہے ہیں اور اسے مثبت اقدام قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2001ء میں نجی چینل پر نشر ہونے والے سیٹ کام ’سب سیٹ ہے‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اس جوڑی نے حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کو ہمسفر چن لیا تھا لیکن شادی کے صرف 11 برس بعد 2012ء میں انہوں نے راہیں جدا کر لی تھیں، ان کی ایک بیٹی فاطمہ اظفر ہے۔
ہدایت کار اظفر علی نے سلمیٰ حسن سے علیحدگی کے بعد اداکارہ نوین وقار سے شادی کر لی تھی لیکن یہ شادی بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی۔