بھارتی اسٹار اداکار سلمان خان نے ساتھی اداکار شاہ رخ خان کے گھر ’منت‘ کے حوالے سے ایک بڑا انکشاف کردیا۔
بھارتی فلم نگری کے بادشاہ اور سلطان ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی ہیں اور اپنے انٹرویو کے دوران ایک دوسرے سے متعلق اکثر بات بھی کرتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ ان کی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے ایک گیت میں سلمان خان بھی نظر آئیں گے۔
تاہم اپنے تازہ انٹرویو کے دوران سلمان خان نے شاہ رخ خان کی فلم سے متعلق تو کچھ نہیں کہا البتہ ان کے گھر سے متعلق اہم بات کی۔
سلمان خان نے شاہ رخ کے گھر ’منت‘ سے متعلق کہا کہ اس گھر کے مالک نے اسے بیچنے کے لیے پہلے پیشکش مجھے کی تھی لیکن میں نے مسترد کردی تھی۔
انٹرویو کے دوران جب سلمان خان سے یہ سوال کیا گیا کہ شاہ رخ خان کی کوئی ایسی چیز بتائیں جس سے متعلق وہ سمجھتے ہیں کہ وہ ان کے پاس ہونی چاہیے تھی جس پر سلمان خان نے جواب دیا کہ ان (شاہ رخ) کا بنگلہ (منت)۔
سلمان خان نے اس دوران اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس گھر کو خریدنے کے لیے پہلے مجھے پیشکش کی گئی تھی لیکن اُس وقت میرے والد سلیم خان نے مجھے یہ کہتے ہوئے خریدنے سے روک دیا تھا کہ ’اتنے بڑے گھر میں تم کیا کرو گے؟‘
ساتھ میں سلمان خان نے ایک چٹکلہ چھوڑا اور کہا کہ ’میں شاہ رخ خان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اتنے بڑے گھر میں کرتا کیا ہے تو۔‘
خیال رہے کہ منت شاہ رخ خان کے بنگلے کا نام ہے جہاں وہ اپنی اہلیہ گوری خان اور تین بچوں آریان، سہانہ اور ابرام کے ساتھ رہتے ہیں۔
چھ منزلہ یہ بنگلہ شاہ خان کی اہلیہ گوری خان نے ڈیزائن کیا تھا جو خود بھی ایک انٹیریئر ڈیزائنر ہیں، جبکہ اس گھر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ بالی ووڈ شخصیات کے سب سے پرتعیش گھروں میں سے ایک ہے جس کی اس وقت مالیت تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے ہے۔