سری لنکا میں مظاہروں اور احتجاج کے بعد ملک سے فرار ہونے والے سابق صدر گوٹا بایا راجا پاکسے وطن واپس پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 73 سالہ سابق صدر گوٹا بایا راجا پاکسے جولائی میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج اور مظاہروں کے سبب ملک سے فرار ہوئے تھے۔
سابق صدر گوٹا بایا راجا پاکسے عارضی ویزے پر تھائی لینڈ میں قیام پذیر تھے جہاں سے وہ واپس اپنے وطن پہنچے ہیں۔
سری لنکا کے سابق صدر کی واپسی کے موقع پر ایئرپورٹ پر سابق صدر سے کچھ وزراء نے ملاقات کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں ایندھن اور غذائی اشیا کی قلت نے شدید معاشی بحران پیدا کردیا تھا اور ملک بھر میں حکومت کے خلاف شدید احتجاج اور مظاہرے کئے گئے تھے۔
اس موقع پر سابق صدر گوٹا بایا راجا پاکسے فوج کی نگرانی میں سری لنکا سے فرار ہوئے تھے، غیر مسلح ہجوم نے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بھی بول دیا تھا۔
سابق صدر نے تھائی لینڈ جانے سے پہلے سنگاپور سے اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا۔