ستمبر کے مقابلے اکتوبر میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 15.23 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اکتوبر کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 1 ارب 36 کروڑ ڈالرز رہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر 2022 میں ٹیکسٹائل کا برآمدی حجم ایک ارب 52 کروڑ ڈالرز تھا۔
ماہانہ بنیاد پر کاٹن یارن کی برآمدات میں 54 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، اکتوبر میں کاٹن کلاتھ کی برآمدات میں 7.6 فیصد، نیٹ ویئر میں 14.32 فیصد کمی آئی جبکہ بیڈ ویئر کی برآمدات میں 25 فیصد تک کمی ہوئی۔
مالی سال جولائی تا اکتوبر ٹیکسٹائل برآمدات میں 1.34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، برآمدات کا حجم 5 ارب 94 کروڑ ڈالر رہا۔
گزشتہ سال اسی عرصے میں ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 6 ارب ڈالر سے زائد تھا، رواں مالی سال کے 4 ماہ میں کاٹن یارن کی برآمدات میں 27.73 فیصد کمی آئی۔
چار ماہ کے دوران کاٹن کلاتھ کی برآمدات میں 1.27 فیصد اضافہ ہوا، جولائی تا اکتوبر کاٹن کلاتھ کا برآمدی حجم 16 کروڑ 73 لاکھ ڈالرز رہا۔
جولائی تا اکتوبر نیٹ ویئر برآمدات میں 7 فیصد جبکہ ٹریپولین، ٹینٹ، کینوس کی برآمدات میں 21.24 فیصد اضافہ ہوا۔
جولائی تا اکتوبر بیڈ ویئر کی برآمدات میں 8.64 فیصد کمی آئی، تولیے کی برآمدات میں 2.02 فیصد کمی ہوئی۔