الیکشن کمیشن نے پنجاب کے حلقے پی پی 224 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار زوار حسین کی وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار زوار حسین نے انتخابی مہم میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ عبدالرحمٰن کانجو کو مدعو کیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر لودھراں نے 12جولائی کو امیدوار کی وضاحت ریکارڈ کی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وضاحت غیر تسلی بخش ہونے پر 40 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ملتان نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے امیدوار کو نوٹس جاری کیا تھا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ملتان کے حلقے پی پی 217 سے تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار زاہد حمید گجر کو ریلی نکالنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔