بھارتی اداکارہ نکی تمبولی نے سدھو موسے والا کی موت پر رونے کی ویڈیو ٹرول ہونے پر رد عمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نکی تمبولی نے مئی میں سدھو موسے والا کی موت کی خبر سامنے آنے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا تھا، وہ ایئرپورٹ سے نکلنے کے دوران رو پڑی تھیں۔
ان کی ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب ٹرول کیا، جس پر نکی تمبولی نے رد عمل دیا اور ناقدین کو جواب دیا کہ ’میں چاہے ہنسوں یا روؤں، مجھے ٹرول کیا جاتا ہے‘۔
گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا، جس کے بعد نکی تمبولی کی ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں صحافی نے اُن سے سدھو کی موت سے متعلق استفسار کیا۔
25 سالہ بھارتی اداکارہ کی اس ویڈیو کو ٹرول کیا گیا، کئی سوشل میڈیا صارفین نے ان کے رونے کے عمل کو جعلی قرار دیا۔
نکی تمبولی نے اپنے تازہ انٹرویو میں اس حوالے سے بات کی اور کہا کہ مجھے سدھو موسے والا کا کام پسند ہے، میں نے اس پر تب بھی بات کی جب میں بگ باس کے گھر میں تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس میری گلوکار سے کینیڈا میں ایک کام سے متعلق ملاقات بھی ہوئی، وہ وہاں شوٹنگ میں مصروف تھے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ جب میں نے سدھو موسے والا کی موت کے بارے میں سنا تو مجھے بہت دکھ ہوا، اس حوالے سے جب ایئرپورٹ پر سوال ہوا تو میں رو پڑی، یہ فطری رد عمل تھا۔
نکی تمبولی نے کہا کہ گزشتہ برس میرے بھائی کے انتقال پر بھی مجھے ٹرول کیا گیا کیونکہ میں مسکرا رہی تھی، اب میں رو رہی تھی تب بھی لوگوں نے ٹرول کیا، میں ہنسوں یا روؤں، مجھے ٹرول ہی کیا جانا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب میں پریشان نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے تنقید پسند ہے، دراصل تنقید مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتی، یہ وہ توانائی ہے، جس سے زندگی میں اور کام میں بہتری آتی ہے۔
نکی تمبولی نے بگ باس 14 میں حصہ لیا، وہ شو کی رنر اپ تھیں، جسے روبینہ دلیک نے جیتا تھا۔