پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کی 18 مقدمات میں ضمانت ہو گئی ہے ، حکومت عمران خان کو نا اہل کرنے کی کوشش میں ہے ۔
نجی ٹی وی ” ہم نیوز” کے مطابق بابر اعوان نے کہا کہ ایسا کوئی کیس نہیں ہے جس میں عمران خان کو نا اہل کیا جائے ، پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے ، پی ڈی ایم کی جانب سے انتخابات ملتوی کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا جس میں سیلاب کا بہانہ بنایا گیا ، ملتان اور پشاور میں سیلاب کہاں ہے؟۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے 13 حلقوں میں ضمنی انتخاب ملتوی کئے تھے، قومی اداروں کی سیلاب متاثرین کیلئے امداد میں مصروفیت کی وجہ سےانتخابات کی تاریخ ملتوی کی گئی تھی، التوا اور انتخابات کی دوبارہ تاریخ کے حوالے سے آج اجلاس طلب کیاگیا، ضمنی انتخابات کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، چاروں حلقوں میں پولنگ کی تاریخ 9 اکتوبرمقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جن حلقوں میں انتخابات 9اکتوبر کو ہوں گے ان میں پی پی 241 بہاولنگر،پی پی 209 خانیوال ، این اے 157 ملتان اورپی پی 139 شیخوپورہ شامل ہیں ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ 9حلقوں کے نوٹیفکیشن معطلی سے متعلق ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ حاصل کیا جائے گا، فیصلے پر غور کے بعد 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کےلیے اجلاس 14 ستمبر کو ہوگا۔