لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے ،ایک شخص قوم کےلیے کوئی جذبات نہیں رکھتا، 20سے25کروڑ روپے جو جلسوں پر خرچ کررہےہیں کاش وہ متاثرین کو دے دیئے جاتے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ متاثرین سیلاب کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہےہیں،خوراک کی قلت ہے ،موجودہ صورتحال میں بھی جلسے کیے جارہے ہیں، سیلاب سے ملک متاثر ہے ، عمران خان کو جلسوں کی فکر ہے، ایک جلسے پر 20سے 25کروڑ رو پے کا خرچ آتاہے ، جلسے میں اسٹیج پر ترانے بجائے جاتے ہیں ،ہنسی مذاق بھی کی جاتی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ گزشتہ روز بھی گجرات میں جلسہ کیاگیا ،وزیراعلیٰ پنجاب اسٹیج پر بیٹھ کر مسکرا سکتے ہیں آفت زدہ علاقوں کا دورہ نہیں کرسکتے،عمران خان اقتدار سے جب سے دور ہوئے ہیں ان میں ملکی مفاد اور سالمیت نہیں پائی جاتی، پی ٹی آ ئی کی تاخیر کی وجہ سے آئی ایم ایف نے چارج شیٹ جاری کی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ فواد چودھری پی ٹی آئی کو غلط مشورے دیتے ہیں، فواد چودھری کی پی ٹی آئی کی صفوں میں موجودگی سے پی ڈی ایم کو فائدہ ہورہاہے ، جہلم میں پی ٹی آئی کا ناکام جلسہ ہوا،فوادچودھری کا مختلف جماعتوں سے رابطے ہیں۔