ترک اداکاروں نے پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کے بعد ٹرول کرنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ٹوئٹر پر ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان کی شکست کے بعد محمد شامی نے شعیب اختر کے اداسی بھرے ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ’معذرت کے ساتھ بھائی لیکن اسے مکافاتِ عمل کہتے ہیں‘۔
بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کے اس ٹوئٹ پر شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ترگت الپ کا اہم کردار ادا کرنے والےترک اداکارجینگیز جوشقون نے محمد شامی کو کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’کیا مکافاتِ عمل؟ آپ سب تو ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے‘۔
انگین آلتان دوزیتان عرف ارطغرل غازی، اور اداکارہ اسرا بیلگیچ عرف حلیمہ سلطان نے بھی جینگیز جوشقون کی جانب سے کیے گئے اس ٹوئٹ کو اپنے اکاؤنٹس پر شیئر کرتے ہوئے ساتھی اداکار کی رائے سے اتفاق کیا۔
اس موقع پر اداکار نوریتن سونمیز یعنی بامسی الپ بھی خاموش نہ رہے اور اُنہوں نے بھی محمد شامی کو سیمی فائنل میں بھارت کی انگلینڈ کے خلاف خراب کارکردگی یاد دلا دی۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’138رنز پر 5 وکٹیں لینا، 170 رنز پر کوئی بھی وکٹ نہ لے پانے سے تو بہتر ہے‘۔
سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں بالا خاتون کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اوزگے تورے نے بھی محمد شامی کے ٹوئٹ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے بھارتی بولر سے مخاطب ہوتے ٹوئٹ میں لکھا کہ’کونسا مکافاتِ عمل؟‘
اُنہوں نے لکھا کہ’کیا میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں آپ کی خود کی بولنگ کے اعداد و شمار یاد دلاؤں آپ کو؟‘
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ ’آپ کی تو اس ورلڈ کپ سے پاکستان کی نسبت زیادہ بُری یادیں جڑی ہیں‘۔