بھارت کے مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ شو کے میزبان سپر اسٹار سلمان خان کو مانا جاتا ہے لیکن اس کے علاوہ ایک اور خاص بات بھی ہے، وہ ہے خود بگ باس۔
مگر بگ باس تو کبھی بھی اس شو میں جلوہ گر ہی نہیں ہوئے، بگ باس کی جو کڑاکے دار آواز ہے وہ ہی اس شو کی اصل پہچان ہے، جب بھی بگ باس اپنی دم دار آواز میں کسی کھلاڑی کو کوئی حکم صادر کرتے ہیں تو سب سے پہلے وہ کہتے ہیں کہ ’’بگ باس چاہتے ہیں‘‘۔
یہ آواز اگر اس شو سے نکالی جائے تو یقیناً اس شو کا مزہ کِرکِرا ہوجائے گا پھر چاہے سلمان خان شو میں کیوں نہ ہوں لیکن اب اس کڑک آواز کے بغیر یہ شو شاید کسی کو بھی ایک آنکھ نہیں بھائے گا، کیا آپ جانتے ہیں یہ آواز کس کی ہے اور اس آواز کا چہر آپ دیکھنا چاہیں گے؟
اس بہترین آواز کے مالک ہیں اتُل کپور، وہ پیشہ سے ایک وائس اوور آرٹسٹ ہیں، جنہوں نے کئی غیر ملکی اور ہندی فلموں کو اپنی آواز دی ہے۔ وہ سال 2006 سے بگ باس سے جڑے ہیں۔ انہوں نے آئرن مین کی تینوں سیریز اور ایوینجرز جیسی فلموں میں اپنی آواز دی ہے۔
بگ باس سیزن 16 یکم اکتوبر 2022 سے شروع ہو چکا ہے، بگ باس کی نظریں کیمرا کے ذریعے 24 گھنٹے سبھی کھلاڑیوں پر رہتی ہیں اور بگ باس کے ہر فیصلے کا احترام کیا جاتا ہے، نئے سیزن میں کوئی بھی کھلاڑی جب غلطی کرتا ہے تو بگ باس انہیں فوری سزا دیتے ہیں۔