امریکی اسکولز میں فائرنگ کے واقعات میں آئے دن اضافے کے سبب ماؤں نے گھروں ہی میں بچوں کی تربیت شروع کر دی ہے۔
امریکا میں جَلد اسکول کھلنے والے ہیں، اسکولز میں فائرنگ کے واقعات سے خوفزدہ ایک ماں نے اپنے بچے کی حفاظت سے متعلق ٹریننگ کی ہے۔
فائرنگ سے بچاؤ کے لیے ماں کی ہدایات پر عمل کرنے والے اس 5 سالہ بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ اپنی ماں کی ہدایات سنتے ہوئے اُس پر عمل کر رہا ہے اور اپنے بستے کو بطور ڈھال استعمال کر رہا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے بچے کی 22 سالہ والدہ کیسی والٹن کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو بناتے ہوئے وہ کافی جذباتی ہو گئی تھیں اور اپنے بچوں کو فائرنگ سے بچاؤ کے لیے مشق کرتا دیکھ کر وہ اپنے آنسوؤں کو بچوں سے چھپا رہی تھیں۔
کیسی والٹن کا مزید کہنا تھا کہ میرے بچے بہت ہوشیار ہیں، انہوں نے یہ مشق اچھی طرح سے کی اور سب معلومات کو اچھی طرح یاد کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا کی اس پوسٹ کے کمنٹ باکس میں کیسی والٹن کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا میں یکم اگست 2021ء سے 31 مئی 2022ء کے درمیان اسکولز میں فائرنگ کے 193 واقعات پیش آئے۔
گزشتہ 2 برسوں کے دوران امریکا میں اسکولز پر فائرنگ کے واقعات میں تقریباً 4 گنا اضافہ ہوا ہے۔