اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی ایم ایف کی ایک اور شرط کو تسلیم کرلیا گیا ، حکومت کی جانب سے لگژری اشیاء کی درآمد سے پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم نہیں چاہتے تھے کہ لگژری اشیاء کی درآمد سے پابندی ختم کی جائے لیکن آئی ایم ایف کی شرط کی وجہ سے تمام چیزوں کی درآمد سے پابندی ہٹا رہے ہیں ، درآمد شدہ لگژری اشیاء پر جتنا ممکن ہو سکے گا اتنا ٹیکس لگائیں گے ، لگژری گاڑیوں کی درآمد پر بھاری ڈیوٹی عائد کی جائے گی ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کے نرخوں کے مسئلے کو حل کر رہے ہیں ، بجلی پر نان فنڈڈ سبسڈی نہیں دیں گے ، ریٹیل پر جو ٹیکس لگایا تھا اس پر ہمارا تخمینہ 42 ارب روپے ہے ، ریٹیل ٹیکس کے ہدف کو 42 ارب سے کم کر کے 27 ارب کر دیا ہے ، تمباکو پر 36 ارب روپے کا ٹیکس لگا رہے ہیں ،ٹیوب ویلز کے پیٹر انجن سے سیلز ٹیکس ہٹا رہے ہیں ۔