برطانیہ کی جانب سے ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کی تعزیتی کتاب پر دستخط کے لیے تائیوان کو خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
تائیوانی وزارتِ خارجہ کے مطابق لندن میں تائیوان کے ڈی فیکٹو سفیر کو تعزیتی کتاب پر دستخط کے لیے دعوت ملی ہے۔
تائیوانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دعوت نامہ تائیوان برطانیہ تعلقات کی اہمیت اور گہری دوستی کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملکۂ برطانیہ کی تدفین میں تائیوان کا کوئی نمائندہ شرکت کرے گا یا نہیں یہ واضح نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکہ برطانیہ کی تدفین میں چین کی جانب سے نائب صدر شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ افغانستان، شام، وینزویلا، روس، میانمار اور بیلاروس کے سربراہان کو ملکۂ برطانیہ کی آخری رسومات میں نہیں بلایا گیا۔
برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کا سلسلہ 19 ستمبر کو تدفین کے ساتھ مکمل ہوگا۔
ملکۂ برطانیہ کی آخری رسومات کے اجتماع کو دہائی کا بڑا اجتماع قرار دیا جا رہا ہے۔