اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے مالی سال 22-2021 کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے۔
مرکزی بینک کے مطابق جون 2022 میں ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 ارب 27 کروڑ ڈالر رہا جبکہ مالی سال 22-2021 کے دوران ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17 ارب 40 کروڑ ڈالر رہا۔
اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران ملکی درآمدات 72 ارب ڈالر رہیں، تجارتی خسارہ 39 ارب 59 کروڑ ڈالر رہا۔
تجارت، خدمات اور آمدن کا خسارہ 50 ارب ڈالر رہا جبکہ ورکرز کی ترسیلات 31 ارب ڈالر رہیں۔
پاکستان نے مالی سال 22-2021 میں 7 ارب 93 کروڑ ڈالر مالیت کی خوراک درآمد کی، جبکہ ٹیکسٹائل کے شعبے کی درآمدات 5 ارب 70 کروڑ ڈالر رہیں۔
گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان نے 2 ارب 28 کروڑ ڈالر مالیت کی کپاس درآمد کی، ایک ارب 74 کروڑ ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔
پیٹرولیم کے شعبے کی درآمدات 18 ارب 74 کروڑ ڈالر رہیں، 9 ارب 60 کروڑ ڈالر کی مشینیں منگوائی گئیں۔
اسی طرح زرعی اور دیگر کیمیکل کا درآمدی بل مالی سال 2022 میں 10 ارب 65 کروڑ ڈالر رہا جبکہ آئرن اسٹیل اور آئرن اسٹیل اسکریپ کی درآمد 4 ارب 95 کروڑ ڈالر رہی۔