فلم و ٹی وی اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان نے شوہر کے تشدد کے شواہد عدالت میں پیش کر دیے۔
کراچی کی فیملی کورٹ شرقی میں فیروز خان کی جانب سے بچوں سے ملاقات اور حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
اس دوران اداکار فیروز خان اور اُن کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان عدالت میں پیش ہوئے۔
علیزے کے وکیل بیرسٹر قائم شاہ کا دورانِ سماعت کہنا تھا کہ میری کلائنٹ پر سنگین الزام لگائے گئے، 15 نومبر 2020ء کو فیروز نے علیزے کو تشدد کا نشانہ بنایا، 16 نومبر 2020ء کو پولیس کو فیروز خان کے خلاف تشدد کی رپورٹ جمع کرائی۔
وکیل علیزے سلطان، بیرسٹر قائم شاہ نے مزید کہا کہ علیزے تھانے گئی تو فیروز اور اس کے خاندان نے فون کر کے دھمکیاں دیں، فیروز آئے دن تشدد کرتے تھے، لیکن بچوں کی وجہ سے علیزے چپ رہی۔
سابق اہلیہ علیزے کی جانب سے فیروز خان کے تشدد کی تصاویر، ایم ایل او اور پولیس رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔
فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کا عدالت میں کہنا تھا کہ 3 سے 4 سال میں فیروز خان نے میرے ساتھ جو کیا بتانا چاہتی تھی نہیں، فیروز خان نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، میرا بیٹا سلطان بھی اس دوران زخمی ہوا تھا۔
بعد ازاں عدالت کی جانب سے فیروز خان سے بچوں کی ملاقات سے متعلق فیصلہ آج ہی سنائے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے بچوں کےاخراجات، حوالگی کے لیے درخواستوں پر مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالت کا ہدایت جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وکلا آئندہ سماعت پر تیاری کر کے پیش ہوں۔
واضح رہے کہ اداکار فیروز خان نے بچوں سے ملاقات اور حوالگی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔