پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو آؤٹ آف فارم سمجھنے والے غلطی پر ہیں۔
ایک بیان میں انضمام الحق نے کہا کہ افغانستان جو ایشیا کپ 2022 میں فیورٹ چلی آ رہی تھی، سری لنکا نے اُس کا خوف ختم کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا ایونٹ میں واحد ٹیم ہے جس میں ٹیم ورک نظر آرہا ہے، ٹورنامنٹ میں سری لنکا بڑے سے بڑا ہدف حاصل کر رہی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ جو ٹیم بھی ٹاس جیتے اُس کو بیٹنگ بعد میں کرنی چاہیے، پُرامید ہوں آج بھارت کے خلاف بابر بڑا اسکور کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک دو میچز میں اسکور نہ کرنا، آؤٹ آف فارم ہونا نہیں، جو سمجھتا ہے بابر اعظم آؤٹ آف فارم ہیں تو وہ غلطی پر ہے۔
انضمام الحق نے مزید کہا کہ بھارتی بیٹرز کو فاسٹ بولرز کے خلاف ہمیشہ مشکل ہوتی ہے، حسنین یا حسن علی میں سے کون کھیلے گا؟ یہ فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کو کرنا ہے۔