برطانیہ میں ایمبولینس کے پہنچنے میں تاخیر کے سبب لوگ ایمبولینس کے پہنچنے کا انتظار کرنے کے بجائے مریضوں یا زخمیوں کو اپنے طور پر اسپتال لے جاتے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ایسے افراد جنہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہو جن میں ایکسیڈنٹ اور ایمرجنسی کے کیسز شامل ہیں، ان میں سے ایک تہائی کیسز میں لوگوں نے ایمبولینس کے طویل انتظار کے بجائے خود اسپتال پہنچنے کا انتظام کیا، یہاں تک کہ لوگ اس مقصد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی استعمال کرتے ہیں۔
ایک سروے میں انکشاف ہوا کہ جنہیں فوری ہنگامی طبی امداد کی ضرورت ہو وہ ایمبولینس کا انتظار کرنے کے بجائےخود ڈرائیونگ کرکے یا پھر پبلک ٹرانسپورٹ سے اسپتال پہنچ جاتے ہیں۔
یہ سروے لبرل ڈیموکریٹس کی جانب کیا گیا جس میں دو ہزار بالغوں نے حصہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ بارہ ماہ کے دوران اپنے لیے یا پھر خاندان کے کسی رکن کے لیے ایمرجنسی میں 999 کو کال کیا۔
اس میں سے ایک تہائی کا کہنا تھا کہ لمبی تاخیر کی وجہ سے وہ اپنے طور پر اسپتال گئے، 6 میں سے ایک کا کہنا تھا کہ وہ خود ڈرائیو کرکے گئے جبکہ 10 میں سے ایک نے کہا کہ اس نے ٹیکسی لی اور 6 فیصد نے کہا کہ وہ بس یا ٹرین کے ذریعے اسپتال پہنچے۔
انگلینڈ میں نیشنل ہیلتھ سروسز کے اعداد و شمار کے مطابق فروری میں ایمبولینس کی ارجنٹ کال پر پہنچنے میں اوسطاً 8 منٹ 30 سیکنڈز صرف ہوئے جبکہ یہ ہدف 7 منٹ مقرر ہے۔