خیبرپختونخوا کی جیلوں کے قیدیوں میں ایڈز اور ہیپاٹائٹس کا انکشاف ہوا ہے۔
اس حوالے سے سامنے آنے والے دستاویز کے مطابق جیلوں میں 196 قیدی متعدی بیماریوں میں مبتلا ہیں جبکہ 138 قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔
دستاویز کے مطابق 29 قیدی ہیپاٹائٹس بی، 25 ایڈز اور 4 قیدی ٹی بی میں مبتلا ہیں۔
دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ 47 بیمار قیدی پشاور سینٹرل جیل میں ہیں۔
دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا کی جیلوں میں 13 ہزار 76 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ ابھی یہ تعداد 14 ہزار 321 ہے۔
دستاویز کے مطابق جیلوں میں موجود قیدیوں میں صرف 2 ہزار 897 سزا یافتہ ہیں جبکہ 11 ہزار 424 قیدی فیصلوں کے منتظر ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل پشاور کی جیو نیوز سے گفتگو
سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل پشاور مقصود خان کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل پشاور کے اسپتال میں 124 مریضوں کی گنجائش ہے۔
مقصود خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیمار قیدیوں کے علاج کے لیے 2 خواتین ڈاکٹرز سمیت 8 ڈاکٹرز موجود ہیں، مختلف امراض میں مبتلا قیدیوں کو دوائیں بھی دی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ضرورت ہو اسپیشلسٹ ڈاکٹرز بھی جیل آتے ہیں، قیدیوں کے نفسیاتی امراض کے علاج کے لیے جیل میں سائیکاٹرسٹ بھی ہے۔