قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، اکاؤنٹس جلد بحال ہو جائیں گے۔
ایف بی آر کی جانب سے منجمد پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس بدستور منجمد ہیں، ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 4 ارب روپے کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمند کیے ہوئے ہیں۔
پی آئی اے ترجمان نے جیو نیوز کو بتایا کہ پی آئی اے اور ایف بی آر کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور ضروری کاغذی کارروائی کے بعد پی آئی اے کے اکاؤنٹس جلد بحال کردیے جائیں گے۔
ایئر لائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے تمام بینک اکاؤنٹس تا حال منجمد ہیں اور اگلے تین دن تعطیلات کی وجہ سے بینک بند رہیں گے۔ اس وقت اکاؤنٹ منجمد ہونے سے پی آئی اے کو طیاروں کیلئے ایندھن کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ایندھن کی خریداری کی مد میں پی آئی اے پر پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے 24 ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں، اکاؤنٹ منجمد ہونے کی وجہ سے پی آئی اے نے گذشتہ 48 گھنٹوں میں پی ایس او کو کوئی ادائیگی نہیں کی ہے، پی ایس او کو پی آئی اے کی جانب سے آخری ادائیگی 25 جولائی کو 156ملین روپے کی گئی تھی۔
ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس او کو فیول کی مد میں ادائیگی نہ ہونے پر پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔