لیجنڈری بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے 49 برس بعد اپنی اہلیہ جیا بچن سے شادی کرنے کی وجہ بتادی۔
ٹیلی ویژن گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 14 کے دوران امیتابھ نے جیا سے شادی کی وجہ بتائی۔
کھیل کی امیدوار خاتون نے بتایا کہ وہ ایک بیوٹی اینڈ ویلنیس ادارے میں بطور منیجر کام کرتی ہیں جس پر امیتابھ بچن نے کہا کہ آپ کے بال بہت خوبصورت ہیں کیا آپ ایک مرتبہ دکھائیں گی۔
خاتون امیدوار جب اپنے لمبے بالوں کو کیمرے کے سامنے لائیں تو اس پر امیتابھ بچن نے بتایا کہ ان کی جیا بچن سے شادی کرنے کی وجوہات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ جیا کے بال بھی بہت خوبصورت و لمبے تھے۔
ان کی یہ بات سن کر اسٹوڈیو میں موجود لوگ، خاتون امیدوار اور خود امیتابھ بچن بھی ہنس پڑے۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی 1973ء میں ہوئی تھی۔