مٹھی میں ہیضےکی وباء سے ایک ہلاکت اور کئی لوگوں کے بیمار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس صورتِ حال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال مٹھی کو غیر حاضری پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ کی ٹیموں نے سندھ بھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر اسپتالوں کے معائنے کے بعد رپورٹ جاری کی ہے۔
محکمۂ صحت سندھ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دن ہیضے کی وباء اور ایمرجنسی کے باوجود میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو اسپتال سے غیر حاضر پایا گیا جس پر اُنہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اسی طرح مٹیاری، جامشورو اور سجاول کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
محکمۂ صحت سندھ کے مطابق کوٹری اور مٹیاری کے اسپتالوں میں خانساماں، وارڈ بوائز ٹریفک حادثات کے مریضوں کو دیکھنے میں مشغول پائے گئے۔
تمام افسران کو وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے سامنے پیش ہو کر وضاحت کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔