پاکستان سمیت دنیا بھر میں مختلف اقسام کے کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ یہ ایک جان لیوا بیماری ہے لیکن یہ حقیقت بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ ہمارے کچن میں بھی کچھ ایسی اشیاء کا استعمال ہوتا ہے جو انسان کی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں اور کینسر جیسی جان لیوا بیماری کی وجہ بھی بن سکتی ہیں۔
کچن میں موجود درج ذیل اشیاء کے استعمال سے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
1- پلاسٹک کے برتن
کچن میں استعمال ہونے والے پلاسٹک کے برتن اور پانی کی بوتلیں انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔
پلاسٹک میں بسفینول اے نامی ایک کیمیکل پایا جاتا ہے جوکہ انسانی جسم میں ہارمونز اور قوت مدافعت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
2- نان اسٹک برتن
نان اسٹک برتن اگر زیادہ گرم ہوجائیں تو پرفلووروکٹانوک ایسڈ (پی ایف او اے) خارج کرسکتے ہیں جوکہ مختلف اقسام کے کینسر جیسے کہ گردے، تولیدی عضو جیسے خواتین میں اوویرین اور مردوں میں ٹیسٹیکولر کے کینسر کی وجہ بن سکتا ہے۔
3- ٹن کے ڈبے میں پیک کھانا
ٹن کے ڈبوں میں کھانے کو بسفینول اے جیسے کیمیکل لگا کر پیک کیا جاتا ہے جوکہ انسانی جسم میں کینسر کےخطرے کو بڑھا سکتے ہیں۔
4- ریفائنڈ آئل
ریفائنڈ آئل میں ٹرانس فیٹس پائے جاتے ہیں جوکہ چھاتی اور آنتوں کے کینسر کی وجہ بن سکتے ہیں۔
5- پروسیسڈ فوڈ
پروسیسڈ فوڈ کا زیادہ استعمال بالخصوص مردوں میں کولوریکٹل کینسر کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔
6- دودھ کی بنی ہوئی اشیاء
آکسفورڈ پوپولیشن ہیلتھ کی ایک رپورٹ کے مطابق، دودھ کی بنی ہوئی اشیاء کا ضرورت سے زیادہ استعمال چھاتی اور جگر کے کینسر میں مبتلا ہونے کے امکانات میں اضافہ کرسکتا ہے۔
7- سوفٹ ڈرنکس
ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، سوڈا اور سوفٹ ڈرنکس کے استعمال سے کینسر میں مبتلا ہونے کے امکانات میں 13 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔