سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا اعتراف کرنے کے بعد اب سوشل میڈیا پر ان کے ڈپریشن کی وجہ زیرِ بحث ہے۔
معروف فلمی ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے بھی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ویرات کوہلی بھارت کے پہلے ایسے کرکٹر ہیں جنہیں ڈپریشن ہوا ہے‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ ایک ہیروئن سے شادی کرنے کا نتیجہ ہے، یہ بات انوشکا نے ہی ویرات کے دماغ میں ڈالی ہوگی کہ اسے ڈپریشن ہے‘۔
کمال راشد خان نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’نارتھ انڈیا کے ایک مضبوط لڑکے کو ڈپریشن کی بیماری کیسے ہوگئی؟ اس پر ایک ویڈیو بنتی ہی ہے‘۔
اُنہوں نے اپنے فالوورز سے پوچھا کہ ’کیا اُنہیں اس معاملے پر ویڈیو بنانی چاہیے یا نہیں‘۔
کمال راشد خان نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں ویرات کوہلی کو ایشیا کپ کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کرنے کے بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر بھی سوال اُٹھا دیا۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’میں سمجھ نہیں پا رہا ہوں، جب ویرات کوہلی خود قبول کر رہے ہیں کہ انہیں ڈپریشن کا مسئلہ ہے، تو پھر وہ ایشیا کپ 2022ء کے لیے ٹیم میں کیسے شامل ہیں!‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’کیا سلیکٹرز کو بھی ڈپریشن کا مسئلہ ہے؟‘
خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے ایشیا کپ 2022ء کے شروع ہونے سے پہلے اعتراف کیا ہے کہ وہ ذہنی تھکاوٹ کا شکار تھے اس لیے اُنہیں بریک کی ضرورت تھی۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 10 برسوں میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ اُنہوں نے ایک مہینے تک بیٹ کو ہاتھ بھی نہیں لگایا۔