صحت اور اپنے بڑھتے ہوئے وزن سے متعلق فکر مند افراد اب اپنی مرضی کے مطابق مزے مزے کے فاسٹ فوڈ سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے ریستوران کا مینیو کارڈ پر کیلوریز کاؤنٹ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
’محفوظ غذا، تندرستی سدا‘ کے نام سے شروع کی گئی اس مہم کے مطابق اب پاکستان کے تمام ریستوران اپنے مینیو کارڈ میں درج غذاؤں کے ناموں اور تصویروں کے آگے غذا کے کیلوری کاؤنٹ لکھنے کے بھی پابند ہوں گے۔
پرائم منسٹر اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے یہ خوشخبری شیئر کی ہے۔
سلمان صوفی کا اپنی اس ٹوئٹ کے پیغام میں لکھنا ہے کہ شہریوں کی صحت کی بہتری کے لیے تاریخی اقدام کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ اب ملک بھر کے ریستوران ہر مینو آئٹم کی کیلوری کا شمار ظاہر کریں گے، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ شہری جانتے ہوں کہ وہ کیا اور کتنا کھا رہے ہیں۔
سلمان صوفی کی جانب سے مینیو کارڈ پر کیلوری کاؤنٹ لکھنے والے ریستوران کے نام بھی شیئر کیے گئے ہیں۔
اس فہرست میں اُن ریستوران کے نام درج ہے جنہوں نے اس فیصلے پر عمل شروع کر دیا ہے۔
اُن کا اپنی ٹوئٹ میں مزید کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم سے شہریوں کو صحت سے متعلق معلومات اور آگاہی فراہم کی جائے گی۔
سلمان صوفی نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا کے فوڈ حکام اور بلوچستان کی حکومت نے اس اقدام پر بڑی پیش رفت کی ہے، لیبارٹریوں کے ساتھ غذائیت سے متعلق معلومات تیار کرنے کے لیے ریسٹورانٹس کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
سلمان صوفی نے اپنی ٹوئٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ جانیں کہ آپ کیا کھاتے ہیں، یہ اقدام آپ کا نظریہ بدل دے گا کہ آپ کیا ضرورت سے زیادہ کھانا استعمال کرتے ہیں۔