پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ اس وقت کوشش یہی ہے کہ قومی ٹیم میں کم بیک کروں، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ٹیم کا حصہ بننے کی امید ہے۔
فہیم اشرف نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اچھا جارہا ہے، مجموعی طور پر 3 سنچریز بھی اسکور کرچکا ہوں۔
فہیم اشرف نے کہا کہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلوں، اب میں چونکہ قومی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں تو اب ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر ہے کیونکہ یہیں کھیل کر فٹنس اور اسکلز بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے۔
فہیم اشرف نے تسلیم کیا کہ جب ٹیم سے باہر ہو تو کم بیک کرنے میں مشکل ہوتی ہے، کم بیک کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے لیکن جب آپ دل سے محنت کر رہے ہوں اور نیت صاف ہو تو پھر آسانی بھی پیدا ہو جاتی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے چند ہفتوں میں 5 ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلے جانے ہیں، انگلینڈ کی ٹیم حال ہی میں پاکستان آئی اب ٹیسٹ کے لیے آ رہی ہے اسی طرح نیوزی لینڈ نے بھی آنا ہے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز اہم ہیں۔
فہیم اشرف پاکستان کی جانب سے 14 ٹیسٹ، 31 ون ڈے اور 41 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے آخری ٹیسٹ مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی، آخری ون ڈے انگلینڈ کے خلاف گزشتہ برس برمنگھم جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اپریل 2021 میں ہرارے میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا۔
واضح رہے کہ اس وقت فہیم اشرف ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔