انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ نے انگلینڈ کے مارک ووڈ کو کیچ پکڑنے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔
میچ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب ویڈ کے بلے سے لگ کر گیند ہوا میں بلند ہوئی، انگلش فاسٹ بولر مارک ووڈ کیچ پکڑنے کے لیے آگے بڑھے تو میتھیو ویڈ نے انہیں ہاتھ سے روک دیا تھا۔
میچ کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر سے اس واقعے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہی نہیں چل سکا تھا کہ ہوا کیا تھا، اگر یہ حرکت دوبارہ ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کی گئی تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ میں سارا وقت گیند کو دیکھ رہا تھا، اس لیے مجھے یقین نہیں تھا کہ کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں طویل عرصے تک آسٹریلیا میں رہنا ہے، ابتدا میں اپیل میں جانا خطرے سے خالی نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست دی تھی۔