بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے دور رہنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
ویرات کوہلی کو بابر اعظم سے دور رہنے کی ہدایت کسی کرکٹ بورڈ نے نہیں بلکہ میمرز نے میمز بنا کر کی ہے جس میں بابر عظم اور ویرات کوہلی کے چہرے کو استعمال کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2022ء کے دوران دنیا کے بہترین کھلاڑی بابر اعظم کی کارکردگی ابھی تک کچھ خاص نہیں جا رہی جس کا سارا الزام ویرات کوہلی پر دھرا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے نتیجے میں ناصرف کرکٹ شائقین کے دل ٹوٹے بلکہ سوشل میڈیا صارفین نے اپنی پوسٹس کے ذریعے اس کا اظہار بھی کر ڈالا۔
میمرز کی جانب سے ایک بھارتی فلم کے ٹیمپلیٹ پر بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے چہرے استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ بابر اعظم کے والد ہاتھ جوڑ کر ویرات کو بابر سے دور رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جہاں بابر اعظم کی خراب کارکردگی پر غم و غصے کا اظہار اور میمز بن رہی ہیں وہیں اُن کے مداح اُن کی ہمت بندھاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’بابر اعظم غم نہ کرو، اچھا وقت بھی آئے گا‘۔