پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کراچی میں شیڈول پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ 2022 میں جمع کروائی جائے گی۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پی سی بی کراچی میں موجود شائقین کرکٹ سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اس میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رُخ کریں تاکہ سیلاب زدگان کی امداد کی جاسکے۔
اس سیریز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آئندہ ہفتے سے شروع ہوگی۔
کرکٹ پاکستان کی عوام کو متحد کرتی ہے، چیئرمین پی سی بی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے مون سون کی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں کو تباہی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ پاکستان کی عوام کو متحد کرتی ہے، لہٰذا ہر مشکل اور آزمائشی وقت کی طرح پی سی بی اس مرتبہ بھی شائقین کرکٹ اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ سے حاصل ہونے والی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کی جائے گی۔
رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کو بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنا چاہیے تاکہ وہ سب ایک کرکٹ فیملی کی حیثیت سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی پہلے ہی سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کے ٹرک بھجوا چکا ہے۔ وہ اپنے لوگوں اور ریسکیو آپریشنل ٹیموں کی ہر طرح سے مدد کرتے رہیں گے، ان کے احساسات اور دعائیں پاکستانی کے عوام کے ساتھ ہیں۔