بھارت کا ایشیا کپ 2023 میں پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کو جواب دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے حوالے سے فیصلے پر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، پی سی بی کی جانب سے 48 گھنٹوں میں سخت حکمت عملی سامنے لانے کا امکان ہے۔
پی سی بی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو ایمرجنسی اجلاس بلانے کے لیے خط لکھے گا، ایشیا کپ پاکستان کھیلنے آؤ گے تو پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ میلبورن میں شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اجلاس میں پی سی بی اپنا سخت مؤقف سامنے رکھے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے فیصلے پر پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے دیگر ممبران کو اعتماد میں نہیں لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو پاکستان نہ آنے کی وجہ اب تک باضابطہ طور پر نہیں بتائی، بی سی سی آئی نے بغیر کوئی مشورہ یا رپورٹ مانگے خود ہی میڈیا پر بیان جاری کردیا ہے۔
ذرائع کاکہنا تھا کہ بی سی سی آئی یا مودی سرکار نے حکومتی سطح پر بھی فیصلے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔