ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ویوین رچرڈز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے میوزیم کا دورہ کیا، وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کی راہداریوں میں لگی تصاویر دیکھ کر ماضی کی یادوں میں کھو گئے۔
ویوین رچرڈز ان دنوں پاکستان جونیئر لیگ کے لیے لاہور میں موجود ہیں وہ گوادر شارکس کے مینٹور ہیں۔
ویوین رچرڈز کھلاڑیوں کے نام لے لے کر انہیں پہچانتے اور یاد کرتے رہے، انہوں نے عمران خان، جاوید میاں داد اور وسیم اکرم کی پرانی تصاویر پر خاص توجہ دی۔
میوزیم میں ویوین رچرڈز نے 1992 ورلڈ کپ ٹرافی سمیت دیگر ٹرافیاں بھی دیکھیں، اس موقع پر ان کو نایاب تصاویر تحفے میں بھی پیش کی گئیں۔
ویوین رچرڈز کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پہلا دورہ کرنے والی ٹیم کا گروپ فوٹو دیکھ کر اچھا لگا، عمران خان کے ساتھ اپنی تصویر دیکھی، ماضی یاد آ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے میوزیم اور تصاویر آپ کو ماضی کی حسین یادوں میں واپسی لے جاتی ہے۔