ٹیوٹا کرولا کے نئے ماڈل میں کیا تبدیلیاں کی جائیں گی اور اسکی قیمت کیا ہو گی؟گاڑیوں کے شوقین افرادکے لیے بڑی خبرآگئی


کراچی (ویب ڈیسک )ٹیوٹا کرولا کی قیمتوں میں جنوری 2021 میں نئے ماڈل کے متعارف ہونے کے بعد اضافے کا امکان ہے۔مشہور آٹو ویب سائٹ پاک وہیلز سے بات کرتے ہوئےانڈس موٹرز کے سی ای او علی جمالی نے کہا کہ نئے ماڈلز کو متعارف کروانے پر اس گاڑی کی قیمت میں اضافہ ناگزیر ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تھوڑی سی تبدیلی کرنے کیلئے بھی مولڈز نئے تیار کرنا پڑتے ہیں اور ایک مولڈز کی تیاری میں کروڑوں روپے کی لاگت آتی ہے، اور پرانے مولڈز کی اہمیت سوائے سکریپ

کے کچھ نہیں رہتی، اسی لیے نئے ماڈلز کے متعارف ہونے پر قیمت میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ٹیوٹا کی نئی سیڈان کوکرولا ایکس پیکج کا نام دیا گیا ہے، انڈس موٹرز کے مطابق کمپنی جنوری 2021 سے 1.6 اور 1.8 لیٹر آلٹس میں چند چھوٹی تبدیلیاں کرکے نیا ماڈل مارکیٹ میں پیش کرے گی، جس میں چند نئی خصوصیات بھی شامل ہوں گی۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کرولا ایکس پیکج مکمل طور پر کالے انٹیریئر کے ساتھ پیش کی جائےگی، اس میں پسنجر سیٹ بیلٹ سینسرز، پارکنگ سینسرز اور گاڑی کیلئے نئی باڈی کٹ پیش کی جائے گی۔پاک وہیلز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کی قیمت میں تقریبا 50 ہزار روپے کا اضافہ ہونے کا امکان ہے، تاہم کمپنی کی جانب سے اس گاڑی کی قیمت سے متعلق باقاعدہ اعلان کے سامنے آنے تک کچھ بھی کہا نہیں جاسکتا، تاہم پاک وہیلز کے ذرائع نے کچھ عرصہ قبل تصدیق کی تھی کہ نئے ماڈل کی قیمت تقریبا 85 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔علی جمالی نے بھی قیمت سے متعلق سوا ل پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ “یہی وجہ ہے کہ اب تک اس گاڑی کی ایڈوانس بکنگ شروع نہیں کی گئی ہے،

جیسے ہی نئے ماڈلز مارکیٹ میں آئیں گے یہ معاملہ حل ہوجائے گا ہمارے صارفین کو ابھی مزید تھوڑا انتظار کرنا ہوگا۔پاک وہیلز کے مطابق ابتدائی طور پر کمپنی کرولا کے نئے ماڈل کے تھوڑے سے سی بی یو یونٹس(مکمل طور پر تیار شدہ گاڑی) بیرون ملک سے درآمد کرے گی، ابھی تک اس نئے ماڈل کی پاکستان میں تیاری سے متعلق کمپنی کی پلاننگ کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے، باقی کی تفصیلات دسمبر 2020 میں گاڑی کے سامنے آنے کے بعد ہی کھلیں گی۔



اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں


Copyright © 2017 https://pakistanlivenews.com All Rights Reserved
About Us | Privacy Policy | Disclaimer | Contact Us