حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق ہوگیا


اسلام آباد( وہاب علوی سے) حکومت اور اپوزیشن میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے ناموں پر اتفاق ہوگیا۔الیکشن کمیشن ممبران و چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسپیکر آفس میں مذاکرات ہوئے۔ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 افراد ناصر کھوسہ،اخلاق تارڑ اور عرفان قادر کے نام پیش

Advertisement

کیے جبکہ حکومت نے جمیل احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجہ کے نام پیش کیے۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ممبران کے نام فائنل ہوگئے۔ چیف الیکشن کمشنرکے لئے حکومت کے تجویز کردہ سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق ہوگیا۔بلوچستان اور سندھ سے کمیشن کے ارکان کے لئے اپوزیشن کے تجویز کردہ نام طے ہوگئے ہیں۔ ممبر سندھ کے لیے نثار درانی اور ممبر بلوچستان کے لیے شاہ محمد جتوئی کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد پارلیمانی کمیٹی کل اعلان کریگی۔ اپوزیشن نے کہا ہے کہ کل ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی اور فیصلے کا اعلان پارلیمانی کمیٹی میں کیا جائیگا۔15 جنوری کو وزیراعظم نے شہباز شریف کو خط میں بامعنی مذاکرات کی دعوت دی تھی۔عمران خان کی جانب سے شہباز شریف کے نام لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بامعنی مذاکرات کے لیے آپ کو خط لکھ رہا ہوں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا زیر التوا معاملہ حل کرنا چاہتا ہوں۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے نام لکھے گئے خط میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ آپ کو ازسر نو تشکیل کیا گیا پینل بھیج رہا ہوں۔عمران خان نے جو تین نام بھیجے ان میں جمیل

احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجہ کے نام شامل تھے۔وزیراعظم کے خط کے جواب میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا۔ خط میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے تین نام تجویز کردیئے جن میں ناصر محمود کھوسہ، اخلاق احمد تارڑ اور عرفان قادر شامل ہیں۔جس کے بعد اپوزیشن اور حکومت کے درمیان حکومت کی جانب سے دیئے گئے نام سکندر سلطان راجہ پر اتفاق پاگیا۔واضح رہے کہ سکندر سلطان راجہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور سیکرٹری پٹرولیم کی خدمات سرانجا م دے چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سکندر سلطان راجہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کے داماد ہیں اور شاہد خاقان عباسی کے بطور وزیر پٹرولیم کے دور میں ان کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق سکندر سلطان راجہ اچھی شہرت کے آفیسر ہیں۔ سکندر سلطان راجہ موجودہ دور حکومت کے دوران سیکرٹری ریلوے کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ۔ سکندر سلطان راجہ موجودہ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کے بہنوئی ہیں اس لئے ان کے اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومت کے ساتھ بھی تعلقات اچھے ہیں۔

 

 



اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں


Copyright © 2017 https://pakistanlivenews.com All Rights Reserved
About Us | Privacy Policy | Disclaimer | Contact Us