پشاور کے عوام شہرکی مزید بربادی کے متحمل نہیں ہوسکتے،الیاس بلور


پشاور(آن لائن)سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سینئر لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا ہے کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی آڑمیں پشاور شہر کو تباہی کے دہانے پہنچانے کے بعد اب صوبائی حکومت پشاور کی خوبصو رتی کے منصوبے کے نام پر رہی سہی کسر پورا کرنا چاہتی ہے ۔ پشاور کے عوام شہرکی مزید بربادی کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ خدارا پشاور شہر اور اس کے عوام

Advertisement

کو نئے منصوبہ کے نام پر اذیت سے دوچار نہ کیا جائے اور بی آر ٹی منصوبہ کو رول بیک کیا جائے ۔ ملک کے سینئر پارلیمنٹرین اور ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت نے بی آر ٹی منصوبہ کو شروع کرنے سے قبل بھی عوام کو سبز باغ دکھائے تھے جو کہ کرپشن کی نظر ہوگیا اور پورا شہر کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔بی آر ٹی کی وجہ سے عوام مسلسل دو سالوں سے شدید اذیت کا شکارہیں ۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور کی خوبصورتی کانیا منصوبہ شروع کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب خوبصورتی کے نام پر پشاور شہر میں بی آر ٹی کے بعد نیا عذاب نازل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی اس منصوبہ میں زمینی حقائق

کو بالائے طاق رکھ کر غیر ضروری کاموں پر توجہ دی جا رہی ہے اور بی آر ٹی کی وجہ سے پشاور شہر کا جو انفراسٹرکچر تباہ ہوا ہے اُس کی بحالی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ پشاور تجدید نو منصوبہ کا پی سی ون بنایا گیا ہے یا یہ منصوبہ بھی بی آر ٹی کی طرح بغیر کسی پلاننگ کے شروع کیا جائے گا۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ پشاور کی خوبصورتی کے منصوبہ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی پشاور شہر کے اصل سٹیک ہولڈرز سے اس حوالے سے مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے عوام کو ریلیف کی بجائے اُن کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

 



اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں


Copyright © 2017 https://pakistanlivenews.com All Rights Reserved
About Us | Privacy Policy | Disclaimer | Contact Us