آگ سے کھیلنے والوں کوعلم ہی نہیں کہ جل بھی سکتے ہیں، فواد چودھری


اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ آگ سے کھیلنے والوں کوعلم ہی نہیں کہ جل بھی سکتے ہیں، نہ لفظ چننے کی اہلیت نہ بیان کا سلیقہ ہے،ایسے لوگ بھی جج بن گئے جن کی اہلیت اور علم پر سوالات ہیں۔انہوں نے خصوصی عدالت کے تفصیلی فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ افتخار چوہدری کی بحالی کے نتیجے

میں ایسے لوگ بھی جج بن گئے جن کی اہلیت اور علم پر سنجیدہ سوالات ہیں، آگ سے کھیلنے کے شوقین حضرات کو علم ہی نہیں کہ جل بھی سکتے ہیں۔نہ لفظ چننے کی اہلیت نہ بیان کا سلیقہ، یہ ریت نء نہیں لیکن تاریخ کا سبق ہے کہ کوء تاریخ سے سبق نہیں سیکھتا۔واضح رہے خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، 169 صفحات پر مشتمل فیصلے میں جسٹس نذر اکبر کا اختلافی نوٹ بھی شامل ہے۔چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ اور لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد فضل کریم نے سزائے موت سنائی جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نذر اللہ اکبر نے اختلافی نوٹ لکھتے ہوئے کہا کہ استغاثہ کی ٹیم غداری کا مقدمہ ثابت نہیں کرسکی. تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ جنرل پرویز مشرف نے سنگین غداری کے جرم کا ارتکاب کیا، ان پر آئین پامال کرنے کا جرم ثابت ہوتا ہے اور وہ مجرم ہیں، لہذا پرویزمشرف کو سزائے موت دی جائے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں گرفتار کرکے سزائے موت پرعملدرآمد کرائیں۔ اگر پرویز مشرف مر بھی جائیں تو لاش ڈی چوک لا کر تین دن تک لٹکائی جائے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ پرویز مشرف کو دفاع اور شفاف ٹرائل کا پورا موقع دیا گیا، 2013 میں شروع ہونے والا مقدمہ 2019 میں مکمل ہوا، کیس کے حقائق دستاویزی شکل میں موجود ہیں. عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اس وقت کی کورکمانڈرز کمیٹی کے علاوہ تمام دیگر وردی والے افسران جنہوں نے انہیں ہر وقت تحفظ فراہم کیا وہ ملزم کے اعمال اور اقدام میں مکمل اور برابر کے شریک ہیں. عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ مفرور، مجرم کو پکڑنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کریں اور اسے یقینی بنائیں کہ انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے اور اگر وہ وفات پاجاتے ہیں تو ان کی لاش کو گھسیٹ کر اسلام آباد میں ڈی چوک پر لایا جائے اور 3 دن کے لیے لٹکایا جائے۔



اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں


Copyright © 2017 https://pakistanlivenews.com All Rights Reserved
About Us | Privacy Policy | Disclaimer | Contact Us