منگل‬‮   23   اکتوبر‬‮   2018
           

سائنس دانوں نے سب سے خطرناک اور جان لیوا مرض کے خلاف بہت بڑی کامیابی حاصل کر لی


لندن(مانیٹرنگ ڈیسک )سائنس دانوں نے کہا ہے کہ جانوروں پر کیے جانے والے تجربات میں جسم میں کینسر کا پھیلاﺅ 75فیصد تک روکنے میں کامیابی ملی ہے۔عام طور پر کینسر کی رسولی جسم کے دوسرے حصوں تک پھیل جاتی ہے اور یہ عمل یہ اس مرض کے باعث ہونے والی 90فیصد اموات کا باعث بنتا ہے۔سائنسی رسالے نیچر میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جسم کے مدافعتی نظام میں تبدیلی سے جلد کے کینسر کا پھیپھڑوں تک پھیلاﺅ محدود کیا جا سکتا ہے۔کینسر ریسرچ یو کے نے کہا ہے کہ اس ابتدائی تحقیق سے رسولی کے پھیلا کے عمل پر روشنی پڑی ہے اور اس سے نئے علاج وضع کرنے میں مدد ملے گی۔کیمبرج میں واقع سینگر انسٹی ٹیوٹ کی ٹیم نے اس موضوع پر تحقیق کی کہ کینسر کی رسولی کسی طرح سے جسم کے ایک حصے سے نکل کر دوسرے حصوں تک پھیل جاتی ہے۔انھوں نے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ 810چوہوں پر تجربات کیے جن سے معلوم ہوا کہ ان کے ڈی این اے کا ایک حصہ کینسر کے پھیلا میں مزاحمت کر رہا تھا۔ان چوہوں میں جلد کے کینسر کے خلیے انجیکٹ کیے گئے اور اس کے بعد سائنس دانوں نے دیکھا کہ چوہوں کے پھیپھڑوں میں کتنی رسولیاں بنتی ہیں۔چوہوں کے ڈی این اے کے مشاہدے سے پتہ چلا کہ 23ایسے جین ہیں جو کینسر کے پھیلا میں یا تو مدد دیتے ہیں یا پھر اس میں خلل ڈالتے ہیں۔ایک سائنس دان ڈاکٹر ڈیوڈ ایڈمز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ جین پھیپھڑوں کے اندر جسم کے مدافعتی نظام کا توازن برقرار رکھتا ہے۔ یہ رسولی کے خلیوں کو ہلاک کرنے خلیوں اور مدافعتی نظام کو بند کرنے والے خلیوں کے درمیان توازن قائم رکھتا ہے۔حال میں ایک نیا طریق علاج سامنے آیا ہے جسے امیونو تھیرپی کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں کینسر کا علاج مدافعتی نظام کی مدد سے کیا جاتا ہے اور بعض مریضوں میں اس کے ڈرامائی نتائج سامنے آئے ہیں۔اس علاج کے بعد کچھ انتہائی بیمار مریضوں میں کینسر مکمل طور پر ختم ہو گیا، تاہم بعض مریضوں میں اس نے کام نہیں کیا۔مستقبل میں ایسی ادویات بنائی جا سکتی ہیں جو Spns2 جین پر عمل کر کے کینسر کی نشو و نما روک دیں۔کینسر ریسرچ یو کے کے ڈاکٹر جسٹن ایلفورڈ نے کہا کہ پھیل جانے والے کینسر کا علاج کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے، اس لیے اس قسم کی تحقیق انتہائی اہم ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں
تازہ تر ین
دلچسپ و عجیب
روحانی دنیا
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ پاکستان لائیو نیوز محفوظ ہیں۔
Copyright © 2016 Pakistan Live News. All Rights Reserved
   About Us    |    Privacy policy    |    Contact Us